حیدرآباد،23؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)تلنگانہ کے نائب وزیر اعلی محمد محمود علی نے نیا تنازعہ کھڑا کر دیا جب انہوں نے مبینہ طور پر کہا کہ ریاستی حکومت اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو کو نیا کوچ مہیا کرائے گی جس سے کہ وہ اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ان کے دفتر نے اگرچہ بعد میں بیان جاری کر کے کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔الیکٹرانک میڈیا میں علی کے حوالے سے کہا گیا کہ تلنگانہ کی ہماری بیٹی نے پوری دنیا میں نام کمایا ہے،آگے بڑھنے کے لئے ہم سندھو کو کافی اچھا کوچ دینا چاہتے ہیں۔ان کے موجودہ کوچ پلیلا گوپی چند بھی کافی اچھے ہیں لیکن اس کے علاوہ یہ ہوگا،ہمیں یقین ہے کہ وہ گولڈ میڈل لے کر آئے گی۔علی کا یہ مبینہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور بہت سے لوگوں نے اسے سابق آل انگلینڈ چمپئن گوپی چند کی توہین مانا۔گوپی چند یہاں گاچی بالی میں اکیڈمی چلاتے ہیں جہاں سندھو ٹریننگ کرتی ہے۔علی کے دفتر نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ عام بیان تھا اور ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ان کے کہنے کا مطلب تھا کہ تلنگانہ کے کھلاڑیوں کی بہتر کارکردگی کے لئے بین الاقوامی کوچ ہونے چاہئے۔گوپی چند کے خلاف انہوں نے کچھ نہیں کہا۔